|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2016

کوئٹہ: آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی اے) بلوچستان اور کیسکو انتظامیہ کے مابین ادارے کی کارکردگی بڑھانے، صارفین کی خدمات میں اضافہ کرنے اور کارکنوں کی فلاح و بہبود سے متعلق ماہانہ میٹنگ کیسکو ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی۔اجلاس میں کیسکو انتظامیہ کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر رحمت اللہ بلوچ اور انتظامیہ کے دیگر افسران اور سی بی اے یونین کی جانب سے محمد رمضان اچکزئی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی کی ہدایات اور سیکریٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا کے ساتھ سی بی اے یونین کی بمورخہ12 فروری2016 کو کی گئی میٹنگ کی روشنی میں درج ذیل فیصلے کیے گئے کہ تمام آفیسران روزانہ کی بنیاد پر 2 گھنٹے صارفین کی شکایت کیلئے دفتروں میں بیٹھیں گے اور اوقات کار دفتر کے سامنے آویزاں کریں گے جبکہ باقی ماندہ وقت فیلڈ میں کام کرنے اور میٹنگ کرکے کارکردگی کو بڑھانے پر مرکوز کریں گے، چیف ایگزیکٹو آفیسر سے لے کر ایکسین تک تمام افسران اپنے ماتحت دفاتر کا انسپکشن کریں گے اورکارکردگی بڑھاکر اور صارفین کی خدمات میں بہتری لاکر کارکردگی رپورٹ پیپکو کو ارسال کریں گے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہر ماہ 12 تاریخ سے پہلے چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسینز اور سی بی اے یونین کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے کارکردگی کو بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے،تمام سب ڈویژنز نیپرا کے دیے گئے ٹارگٹ کو30 جون تک پورا کریں گے،تمام سب ڈویژنز میں موبائل کے ذریعے میٹر ریڈنگ 30 جون تک مکمل کی جائے گی اور اس سلسلے میں درکار اسٹاف کو ڈیلی ویجز پر رکھنے کا بندوبست کیا جائے گا،چیف ایگزیکٹو آفیسر صوبائی حکومت اور دیگر افسران اپنی لوکل انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکورٹی حاصل کرکے بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری اہداف حاصل کریں گے، دوران ڈیوٹی لائن مینوں کی جانوں کی حفاظت کیلئے معیاری ٹی اینڈ پی فراہم کرکے سیفٹی کوڈز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، کیسکو میں سزاو جزاء کے تحت ناقص کارکردگی والے افسروں اور اہلکاروں کو سزائیں اور بہتر کام کرنے والوں کو انعام اور نقد رقم دینے کا بندوبست کیا جائے گا اور اچھی کارکردگی والے میٹر ریڈرز کو 5 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس اور بروزہفتہ ڈیوٹی کرنے پر ہاف ڈے ویجز دیا جائے گا، بجلی چوری کے نئے قانون کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف FIRsدرج کی جائیں گی اور کیسکو کا لیگل ایڈوائزر ہر ہفتے بجلی چوری کے خلاف عدالتی فیصلوں سے کیسکو انتظامیہ کو آگاہ کرے گااس سلسلے میں بلوچستان کے تمام سب ڈویژنز میں بجلی چوری کا ریکارڈ طلب کرکے FIRsدرج کرکے میڈیا کے ذریعے مشتہر کیا جائے گا، تمام فیلڈ آفسز میں گاڑیوں کا بندوبست کیا جائے گا اور ریکارڈ بنانے کیلئے اسٹیشنری ڈویژن کی سطح پر پرنٹ کی جائے گی اورڈویژن اور سب ڈویژن میں باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا جس کا انسپکشن اعلیٰ حکام کیا کریں گے،ریجنل اسٹورز میں سامان کی فراہمی کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا، میٹر ریڈنگ کے اتار چڑھاؤ کیلئے سب ڈویژنز کی سطح پر رائز اینڈ فال رجسٹر رکھے جائیں گے ، 50 فیصدلائن لاسز والے فیڈرز پر خصوصی توجہ دے کر پہلے مرحلے میں نقصان میں 5 فیصد کمی لائی جائے گی اور بعدازاں ایسے تمام فیڈرز پر خصوصی توجہ دے کر بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری کو 100 فیصد تک پہنچانے کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں گی اس سلسلے میں عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلے کے مطابق صوبائی حکومت اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے کیے گئے فیصلوں اور معاہدوں کے مطابق ایف سی طلب کی جائے گی تاکہ بجلی چوری کے خاتمے سے قانونی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت اور لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جاسکے، تمام آفیسران اور اسٹاف کے تبادلے قانون، قاعدے ، سنیارٹی، شفافیت اور میرٹ کے مطابق کیے جائیں گے اور آفیسران اور اہلکاران کی طرف سے سفارش کروانے پر ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیسکو میں تحقیق کے ذریعے ٹریننگ میں بہتری لائی جائے گی ، بورڈ آف ڈائریکٹرز کارکردگی بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گا اور کیسکو کے انتظامی معاملات میں مداخلت روک کر معاملات کو بہتر بنائے گا، تمام نئے کنکشنز سنیارٹی کے مطابق دیے جائیں گے اور ایسا انتظام کیا جائے گا کہ کنکشنز بروقت صارف کو مل سکیں اور صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ ہو ، بل کی فوری درستگی ہو اورنیو کنکشن دینے میں ہر قسم کی کرپشن کا خاتمہ ہو، تمام سرپلس اور اٹیچ اسٹاف کا خاتمہ کیا جائے گا اور تمام دفاتر میں کمرشل پروسیجر کے مطابق ڈیوٹیاں لی جائیں گی، این ٹی ایس میں پاس شدہ امیدواروں کے انٹرویو کا بندوبست کیا جائے اور امیدواروں کو بتایا جائے گا کہ ان کی تعیناتی اندرون بلوچستان دوردراز علاقوں میں ہوگی اور اس انٹرویو سے پہلے ایمپلائز سنز کوٹے پر بھرتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، 55 سال سے زیادہ عمر کے لائن مینوں کے مستقبل سے متعلق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہوگا اور لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈ II- تک تمام پرموشنز سرکل کی سطح پر کی جائیں گی، یونین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ڈیوٹی نہ کرنے والے افسران اور اہلکاران کو محاسبہ ہوگا اور ٹی اے ، ڈی اے اور اوّرٹائم ان افسروں اور اہلکاروں کا حق ہوگا جو کام کریں گے، ہر سطح پر انتظامیہ اور سی بی اے یونین مشترکہ طور پر کارکردگی کو بڑھانے کیلئے کام کریں گے۔بعد ازاں کیسکو انتظامیہ اور سی بی اے یونین کے نمائندوں نے ناقص ٹی اینڈ پی اور گاڑیوں کا معائنہ کیا اور اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے یقین دلایا کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔