|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2016

دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم پشاور زلمی کو تیسرے پلے آف میچ میں 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لئے 177 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پشاورزلمی کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 126 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئی۔ پشاور زلمی کی جانب سے 8 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور کامران اکمل 45 اور کپتان شاہد آفریدی 38 رنزبنا کرنمایاں رہے جب کہ ڈیوڈ ملان 7، محمد حفیظ 8، بریڈ ہوج 5  ڈیرن سیمی 9،شاہد یوسف 4، وہاب ریاض اور حسن علی ایک ایک اور محمد اصغر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خالد نے 4، آندرے رسلز 3، سیموئل بدری، محمد سمیع اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے بازشرجیل خان اورڈیوائن اسمتھ نےٹیم کو شاندارآغازفراہم کیا لیکن جب پشاورزلمی نےاسپنرزکوبول تھمائی تو ڈیوائن اسمتھ اپنی ٹیم پر بھاری ثابت ہوئے اور وہ 37 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نئے آںے والے بلے باز بریڈ ہیڈن بغیرکوئی رنز بنائے شان ٹیٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے لیکن دوسری طرف شرجیل خان نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلتے ہوئے 50 گیندوں پر سنچری اسکور کی ۔ پی ایس ایل میں سنچری اسکور کرنے والے شرجیل خان پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے پشاور زلمی کے خلاف 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر117 رنز بنا کر آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے جب کہ مقررہ اوورز کے اختتام تک خالد لطیف 21 گیندوں پر 28 رنز اور آندرے رسلز کوئی گیند نہ کھیل سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے شان ٹیٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔