|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2016

کراچی: کراچی کے علاقے پپری میں پولیس اور حساس اداروں کی کارروائی کے دوران ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کراچی کے علاقے پپری میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پہلے سے گرفتار دہشت گردوں نعیم بخاری اور فاروق بھٹی کی نشان دہی پر پپری میں چھاپہ مارا گیا تو علاقے میں واقع مکان میں موجود دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس پر مزید نفری کو طلب کرکے علاقے میں آپریشن کیا گیا اور اس دوران پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں4دہشت گرد ہلا ک گئے جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے جس پر ملزمان کا تعاقب کیا گیا اور ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں مزید4ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں ۔ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارروائی پہلے سے گرفتار القاعدہ برصغیر چیپٹر کے رکن نعیم بخاری اور مثنیٰ کی نشاندہی پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ راؤ انوار کے مطابق ہلاک ملزمان دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج تھے، دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔انکاؤنٹر اسپیشلسٹ راؤ انوار کے مطابق موجودہ صورت حال کے پیش نظر ضلع ملیر اور آر آر ایف کی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے، دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت اور ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔