سبی: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سالانہ سبی میلہ صوبے کی تاریخ و تمدن کا گہوارہ ہے ،زندہ قومیں اپنے قومی تہوار جوش و جذبہ کے ساتھ مناتی ہیں سبی میلہ مالداری اور زراعت کے فروغ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے،ملک کی80%جی ڈی پی کا انحصار مالداری کے شعبہ سے وابسطہ ہے ،سبی میں جلد ہی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا،سالانہ سبی میلہ میں جدت کے ساتھ ڈویلپمنٹ لانا قابل تحسین اقدام ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ سبی میلہ2016کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ،قبل ازیں سالانہ سبی میلہ 2016کا افتتاح مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی اجازت سے کیڈٹ نے سلامی پیش کر کے کیا ،افتتاحی تقریب میں گھڑ دوڑ،نیزہ بازی،فلاور شو،ہارس اینڈ کیٹل شو ،کیٹل واک پیش کیا گیا ،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ صوبے کی تاریخ و تمدن کا گہوارہ ہے جبکہ میلہ امن و سلامتی کا پیغام صوبہ بھر کے عوام تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں صوبے میں مالداری کے فروغ سمیت زراعت کے شعبہ میں ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور صوبے کے عوام کی اکثریت کا گزربسر مالداری کے شعبہ سے ہوتا ہے جبکہ ملک کی جی ڈی پی کا 80فیصد انحصار بھی مالداری کے شعبہ پر کیا جاتا ہے
انہوں نے کہا کہ سبی میلہ کے ذریعے مالداروں کو مال مویشی پالنے اور اس میں توسیع لانے میں معاونت حاصل ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں میلے مناتی ہیں اور سبی کا سالانہ میلہ یہاں کے عوام کی زندہ دلی کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ سبی سے تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لیے سبی میں جلد ہی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد سبی اور گردونواح کے نوجوانوں کو ہائر ایجوکیشن حاصل کرنے کے لیے کوئٹہ یا پھر دیگر علاقوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ تعلیم کی سہولت نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر دی جائے گی ،دریں اثناء گورنر بلوچستان نے زرعی و صنعتی نمائش کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور زرعی و صنعتی نمائش میں لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا۔