|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2016

کوئٹہ: آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے آواران کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ہیڈکوارٹرآواران ملیشیاء میں آئی جی ایف سی کوآواران میں قیام امن کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن نے عمائدین سے خطاب میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر آواران ملیشیاء کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں کالعدم تنظیموں کیخلاف ٹارگٹڈآپریشن نے دہشتگردوں کی کمرتوڑدی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی کیلئے دہشتگردوں اورجرائم پیشہ افرادکیخلاف ٹارگٹڈآپریشن جاری رہے گااوراس مقصد کے حصول کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔آئی جی ایف سی نے قبائلی عمائدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشتگردوں کی موئثر سرکوبی کیلئے اتحاد،اتفاق اوریکجہتی کی ضرورت ہے اوراس مقصد کے حصول میں تمام قبائل ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعمیری اورمثبت کردارادا کریں۔ عوام صوبے میں قیامِ امن،ترقی،معاشی آسودگی اورخوشحالی کیلئے دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسزکے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں تاکہ دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جاسکے۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے تعلیم کے فروغ کیلئے جھاؤمیں ایک اسکول اورعوام کوطبی سہولیات کی مفت فراہمی کیلئے میڈیکل روم کے قیام کا اعلان کیا۔ مقامی قبائلی عمائدین اورمعتبرین نے ایف سی کی امن وامان کے قیام کی کاوشوں اورقربانیوں کو سراہتے ہوئے آئی جی ایف سی کو علاقے میں امن کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کیلئے سکیورٹی فورسزکے ساتھ ہرممکن تعاون کا یقین دلایااورآئی جی ایف سی کی عزت افزائی کا شکریہ اداکیا۔ انسپکٹرجنرل فرنٹیئرکورمیجرجنرل شیر افگن نے آخرمیں اس عزم کا اعادہ کیاکہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا،خلفشار اوربدامنی پھیلانے والے عناصراپنے مذموم مقاصدکے حصول میں ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ وسیع کرکے ان کی بیخ کنی کیلئے کوئی کسرروانہیں رکھی جائے گی۔ میجرجنرل شیرافگن نے تمام قبائلی عمائدین کا بھرپور شرکت پر شکریہ اداکیا۔