میرپور: ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
بنگلہ دیش کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 84 رنز کا آسان ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار رہی لیکن یووراج اور کوہلی نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ روہت شرما اور اجینکا رہانے نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عامر نے دوسری ہی گیند پر شرما اور چوتھی گیند پر رہانے کو آؤٹ کرکے میچ میں دلچسپی پیدا کردی۔ محمد سمیع نے دوسرے اوور میں 4 رنز دیے جب کہ محمد عامر نے تیسرے اوور میں سریش رائنا کو ایک رنز پر آؤٹ کرکے بھارتی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، عامر نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض نے 9ویں اوور میں 15 رنز دے کر بھارت کے لیے ہدف مزید آسان کردیا۔ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ویرات کوہلی 49 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ یووراج 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور کپتان دھونی نے وننگ شارٹ کھیلا وہ 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر، محمد عرفان اور محمد سمیع نے شاندار بولنگ اسپیل کیے، عامر نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3، محمد سمیع نے 16 رنز دے کر 2 اور عرفان نے بغیر کوئی وکٹ لیے 4 اوورز میں 16 رنز دیے۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر شاہد آفریدی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 35 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جب کہ سرفراز احمد اور خرم منظور کے بجائے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، 18ویں اوور میں پوری قومی ٹیم 83 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
محمد حفیظ اور شرجیل خان نے اننگزکا آغاز کیا، حفیظ نے دوسری ہی گیند پر اشیش نہرا کو چوکا رسید کیا تاہم چوتھی گیند پر نہرا نے انہیں پویلین بھیج کر حساب برابر کردیا جس کے بعد خرم منظور بیٹنگ کے لیے آئے اور جسپرٹ بھمرا کے دوسرے اوور میں کوئی رنز نہیں بناسکے، شرجیل خان نے چوتھی اوور کی پہلی گیند پر بھمرا کو چوکا مارا لیکن تیسری گیند پر وہ سلپ میں کیچ دے بیٹھے وہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خرم منظور نے تیسری وکٹ کے لیے شعیب ملک کے ہمراہ ملکر 10 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد وہ 10 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں شعیب ملک 4 اور عمر اکمل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 35 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹنے کے بعد سرفراز احمد اور شاہد آفریدی کھیلنے آئے اور 2 رنز پر ہی رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد وہاب ریاض 52 رنز کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 25 رنز بنا کر جڈیجا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، محمد سمیع 8 اور عامر ایک رنز بناکر پانڈیا کا شکار بنے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 2 جب کہ اشیش نہرا، جسپرٹ بھمرا، ہارڈک پانڈیا اور یووراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔