|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ مردم شماری کی کوئی بھی جماعت مخالفت نہیں کررہی تاہم بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال اور بلوچ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی وجہ سے اس وقت مردم شماری کی مخالفت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت انسرجنسی چل رہی ہے کئی اضلاع میں امن وامان کی صورتحال پیچیدہ ہے اور خراب حالات کے باعث آواران ‘ تربت ‘ پنجگور ‘ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تمام غیرملکی تارکین اور باعزت طریقے سے اپنے اپنے ممالک بھیجا جائے اور صرف افغان مہاجرین کی بات نہیں کررہے افغانستان ہمارا دوسرا ملک ہے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر مردم شماری ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ ملک کے ساحل ووسائل کی بات کی ہے اپنے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالات اس وقت مردم شماری کے حق میں نہیں ہیں اور مردم شماری کیلئے عملہ کو گھر گھر جانا ہوگا مگر بلوچستان کے اکثر اضلاع امن وامان کی خراب صورتحال کی لپیٹ میں ہیں ۔