کوئٹہ: سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی اور سیکرٹری تعلیم عبد الصبور کاکڑ کی زیر صدارت یہاں منعقد ہونے والے ایک اہم اجلاس میں نجی اسکولوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو بتایاکہ حکومت سرکاری اسکولوں کے ساتھ نجی اسکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے تاہم نجی اسکول مالکان اپنی سطح پر بھی اپنے اسکولوں کی سیکورٹی کے اقدامات کریں۔ جس میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب ، نجی سیکیورٹی اہکاروں کی تعیناتی اسکولوں کی چار دیوار کواونچا کرنا شامل ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ اور پولیس کی جانب سے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ایس او پی سے آگاہ کر دیا گیا ہے جس پر وہ عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے نجی اور سرکاری اسکولوں کے علاقوں میں گشت میں اضافہ کیا جائے گا بالخصوص اسکول لگنے اور چھٹی کے اوقات میں علاقے میں موثر سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے تاہم نجی اسکولوں کے مالکان کو بچوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرنا ہوگی اور ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے اسکول مالکان پر اسکولوں کے تدریسی اور انتظامی عملے کو سول ڈیفینس کی تربیت کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ سول ڈیفینس اس ضمن میں ان کی معاونت کریگا۔