|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ کے علاقے کلی شیخان کے اسکول کے امتحانی حال میں طلباء سے بارش کے پانی کے اندر امتحان لینے اور قلعہ عبداللہ کے امتحانی حال میں سرد موسم میں ٹاٹ پر بیٹھ کر طلباء کے امتحانی پرچے حل کرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس امر پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں ناقص انتظامات کے باعث طلباء کو مسائل اور مشکلات کا سامناں کرنا پڑ رہا ہے یہ صورتحال قطعی طور پر قابل برداشت نہیں اور نہ ہی طلباء کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو معاف کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ ان دونوں اطلاعات کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر انکوائری کر کے فوری طور پر انہیں رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے انتباہ کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں انتظامات فوری طور پر بہتر بنا کر امیدواروں کو ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔