میرپور: بھارت نے بنگلادیش کو ایشیا کپ کے فائنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کرلیا۔میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والا فائنل میچ بارش کی نذر ہوتا دکھائی دیا لیکن بارش تھمنے کے بعد میچ تاخیر سے شروع ہونے کی صورت میں اسے 15 اوورز تک محدود کردیا گیا جس کے بعد بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بنگلادیش نے مقررہ اوور ز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے جس کے تعاقب میں بھارت نے شیکر دھاون کی نصف سنچری کی بدولت ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز روہت شرما ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور وہ صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شیکر دھاون اور ویرات کوہلی کے درمیان 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 99 تک پہنچا تو دھاون 44 گیندروں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 9 چوکے لگائے۔ ویرات کوہلی 41 اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اور الامین حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ بلے باز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 کے مجموعی اسکور پر سومیا سرکار 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد تمیم اقبال بھی 30 کے مجموعے پر صرف 13 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن 21، مشفق الرحیم 4 اور کپتان مشرفی مرتضی بغیر کوئی رنزبنائے آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ نے برق رفتار 28 رنز کی اننگز کھیلی اور 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے اور صابر رحمان بھی 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے اشش نہرا، روی چندرن ایشون، جیسپت بھمبرا اور روندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ایشیا کپ کے بڑے ٹاکرے کے لئے بھارت نے اپنی ٹیم میں 3 اور بنگلادیش نے 2 تبدیلیاں کی ہیں، دھونی الیون سے ہربھجن سنگھ، بھونیشور کمار اور نیگی کو ٹیم سے ا?ؤٹ کر کے ان کی جگہ روندرا جدیجا، اشش نہرا اور ایشون کو شامل کیا گیا۔ میزبان بنگلادیشی ٹیم میں اسپن آل راؤنڈر ناصر حسین اور لیفٹ آرم سیمر ابو حیدر کو شامل کیا گیا۔بلوشرٹس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں،انھوں نے افتتاحی میچ میں میزبان ٹائیگرز کا 45 رنز سے شکارکرنے کے بعد سری لنکا، پاکستان اور یواے ای کو بھی زیر کیا، بنگلہ دیش نے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد ایونٹ میں شریک دیگر تینوں ٹیموں کو مات دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ دونوں فائنلسٹ سائیڈزکے درمیان اب تک 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے۔