|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2016

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد شہید شکورزون آرگنائزنگ باڈی اجلا س زیر صدارت زونل آرگنائزر منعقد ہوا ۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے رکن میران بلوچ تھے۔جلاس میں سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ ،مرکزی سرکیولر،تنظیمی امور،تنقیدی نشست،علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔عظیم بلوچ شہداء کی یادمیں دو منٹ کی خاموشی کے بعد اجلاس کا باقائدہ آغا ز ہوا،اجلاس سے بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست بلوچستان میں اپنی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے بلوچ قومی تحریک میں بر سر پیکار سیاسی کارکنان و لیڈران کو چُن چُن کر جبری طورپر لاپتہ و شہید کررہی ہے ۔ لیکن بلوچ سیاسی کارکنان اور بلوچ عوام ریاست کی تمام چالوں کو بھانپ کر ہر محاز پر انہیں ناکام کر رہے ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں نام نہاد راہداری کے نام پر اپنی عسکری قوت کو بڑھانے کیلئے بلوچ سرزمین و بلوچ وسائل سے مستفید ہونے کیلئے بلوچ عوام کے خلاف طاقت انتہائی استعمال کررہے ہیں تاکہ قومی تحریک کو زیر کرکے اپنی استحصالی منصوبوں کو برقرار رکھا جاسکے۔، انہوں نے کہا کہ بی ایس او آزاد بلوچ نوجوانوں کو سیاسی طور پر متحرک کررہی ہے اسی لئے ریاست نوجوانوں کی اس مقدس تنظیم کو کمزور و ختم کرنے کیلئے بی ایس او آزاد کو کالعدم قرار دے چکی ہے کیونکہ بی ایس او حقیقی معنوں میں بلوچ نوجوانوں کو علم و عمل کی طرف مائل کررہی ہے۔بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے کہا کہ آج بلوچ قومی تحریک کا تقاضہ یہی ہے کہ بلوچ نوجوان عملی و شعوری طور پر جدوجہد کا حصہ بنیں، کیونکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی قومی آزادی کی تحریکیں چلی ہیں، وہاں نوجوانوں کا ایک نا قابلِ فراموش کردار رہا ہے۔اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر بحث مباحثہ کے بعد تنظیمی کاموں میں وسعت لانے کیلئے متعدد فیصلے لئے گئے اور آخر میں سابقہ آرگنائزنگ باڈی تحلیل کرکے نئی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی۔