|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2016

تربت: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بدولت بلوچستان تعمیر و ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے اور مکران ڈویژن اس حوالے سے خاص اہمیت کا حامل ہے، سی پیک ملک کی تاریخ کا ایک ایسا منصوبہ ہے جو ناصرف ہماری آنے والی نسلوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گابلکہ اس منصوبے کی بدولت بلوچستان ایک مثالی صوبہ بن جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیچ سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ مکران اور بلوچستان کے عوام ایک روشن اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواہاں ہیں اور مٹھی بھر دہشت گرد ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ہم ایسے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کر کے دم لیں گے جو ترقی کی راہ میں حائل ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جہاں ایف سی بلوچستان اپنی خدمات پیش کر رہی ہے وہاں ہر شخص کا بھی یہ فرض ہے کہ تاریکیوں کی فضاء کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، کیونکہ ہاتھ کی پانچ انگلیاں جب تک علیحدہ علیحدہ ہوں ان کی طاقت محدود ہوتی ہے لیکن جب یہ مل کر مکا بن جائے تو دشمن کا منہ توڑ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں ہم نے ملکر اپنی آنے والی نسلوں کے لیے صوبے کی تعمیر و ترقی اور اس ملک کی آبیاری میں اپنا حصہ ڈالنا ہے تاکہ امن و امان کی ان فضاؤں کو ہمیشہ قائم رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کیچ سپورٹس فیسٹیول میں صرف مکران ڈویژن سے ہی نہیں بلکہ خضدار اور کراچی کے نوجوانوں نے بھی بھرپور حصہ لیا ، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے فیسٹیول کے لیے فنڈز فراہم کئے اور توقع ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ کی سرپرستی میں صوبہ بھر میں تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہے گا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ کیچ سپورٹس فیسٹیول کا مقصد امن و امان کی فضاء کو قائم کرنا اور ایسی فضاء استوار کرنا ہے جو ناصرف مکران بلکہ پورے صوبے کی تعمیر و ترقی کا اہم جز وقرار پائے، انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر مکران ڈویژن کے نوجوانوں کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ میں بہت زیادہ صلاحیت ہیں ،اپنی ان صلاحیتوں کو اپنے علاقے ، صوبے اور ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں اور جو بھٹکے ہوئے نوجوان پہاڑوں پر چلے گئے ہیں وہ واپس آئیں ہم انہیں گلے لگائیں گے، انہوں نے کیچ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مکران ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مکران کے غیور و باشعور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔