کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے حلقہ این اے 267کے انتخابی عمل سے قبل جانبدار ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عوامی رائے دہی کی راہ میں روڑے اٹکا کر بلوچستان میں قیام امن کے لئے دی گئی قربانیوں کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں بلوچستان کے لوگوں کو دست و گریبان کرکے حکومت کرنے اور وسائل لوٹنے کی پالیسی اب مزید نہیں چل سکتی منگل کو پی ٹی آئی بلوچستان کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کی تعیناتی کے خلاف کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے کوئٹہ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈپٹی کمشنرجھل مگسی وسیم احمد کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے این اے 267جھل مگسی پر حالیہ انتظامی تبادلے کی منسوخی کا مطالبہ کیا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر کے ایڈوائزر و صوبائی رہنما میرمحمد اسماعیل لہڑی نے کہا کہ دو سیاسی جماعتیں اوران کا مخصوص ٹولہ پاکستان کے عوام پر خاندانی سیاست کر رہے ہیں جو بنیادی طور پر لیڈر نہیں بزنس مین ہیں کوئن اورکنگ نے پاکستان کے وسائل کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کی اور سیاست پر اپنی گرفت کو مضبوط رکھنے کیلئے ہمیشہ سے دھاندلی پر مبنی حربے استعمال کئے تاہم اب ملک کے عوام باشعور ہوچکے ہیں حلقہ این اے 267کے انتخابی عمل پراثرانداز ہونے کیلئے ایک جانبدار اسسٹنٹ کمشنر کو ڈپٹی کمشنر جھل مگسی بناکر بھجوایا گیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کہاں سے ہدایات لے رہے ہیں میراسماعیل لہڑی نے کہا کہ جانبدار ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کو فوری طور پر ہٹاکر غیر جانبدار اورایماندار افسر کو تعینات نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے صوبے اور ملک بھر تک پھیلایا جائے گا اور دما دم مست قلندر ہوگا عوام اپنے جمہوری حقوق کی پامالی قطعی برداشت نہیں کریں گے اپنے آقاؤں کی خوشنودی کیلئے دھاندلی پر مبنی اس طرح کے اقدامات کے ردعمل میں کسی بھی طرح کے عوامی جذبات رونما ہونے کی جملہ ذمہ داری چیف سیکرٹری بلوچستان پر عائد ہوگی۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان سردار خادم حسین وردگ نے کہا کہ وقت کے فرعون ملک کے غیور عوام پر اب مزید اپنی مرضی مسلط کرکے جمہوری رائے دہی میں رکاوٹ نہیں بن سکتے جانبدار قائم مقام ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کا فوری تبادلہ نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی سخت احتجاج پر مجبور ہوگی سلطنت رائے ونڈ سے ہدایات لینے والے صوبے کے دوافسران این اے 267کے عوام پر اپنی مرضی کے فیصلے مسلط نہیں کرسکتے ۔حلقہ این اے 267کے امیدوار میر عبدالرحیم رند نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق الیکشن میں بھی بھر پور دھاندلی کی گئی صوبائی اسمبلی کا ایک امیدوار ساتھیوں سمیت شہید ہوا غیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے ہم نے ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن شنوائی نہ ہوئی نتیجتاًبھر پور دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو روندا گیا 34ماہ بعد عدالت عظمیٰ کے ذریعے ہمارے موقف کی فتح ہوئی لیکن اب انتخابات سے قبل ہی جانبدار افسران کی تعیناتی کرکے پری رگنگ شروع کردی گئی ہے لیکن عوام اب ایسی کسی بھی دھاندلی کو قبول نہیں کرینگے احتجاجی ریلی سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمد ہاشم پانیزئی ،محمد عظیم کاکڑ، بسم اللہ آغا،سٹی آرگنائزر میر خدا بخش لہڑی ،چوہدری شبیر احمد ،نورالدین کاکڑ،باری خان بڑیچ ،داود شاہ ،ناصر رند ، بابر یوسفزئی نے بھی خطاب کیا۔