|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2016

کولکتہ: پاکستان نے عماد وسیم اور محمد حفیظ کی شاندار کارکردگی کی بدولت ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دے دی۔ کولکتہ میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 39 رنز کا بہتر آغاز فراہم کیا۔ شرجیل خان آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ اسکور 47 تک پہنچا تو دشمانتھا چمیرا نے 18 رنز بنانے والے احمد شہزاد کی وکٹیں بکھیر دیں۔ اس موقع پر محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے 39 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 86 تک پہنچایا لیکن سرفراز 13 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ دوسرے اینڈ پر موجود حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، عمر اکمل 19 جبکہ شاہد آفریدی کی ناقص بلے بازی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے، حفیظ نے 49 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو محمد عرفان نے اننگز کے دوسرے ہی اوور میں تلکارتنے دلشان کو چلتا کردیا۔ دنیش چندیمل اور لہیرو تھری مانے نے دوسری وکٹ کے لیے 37 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن اسی اسکور پر عماد وسیم نے 30 رنز بنانے والے چندیمل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ چمارا کاپوگیدرا اور تھری مانے نے جارحانہ انداز اپنا کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی عماد وسیم نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلا دی۔ آل راؤنڈر نے تھری مانے اور اینجلو میتھیوز کی شکل میں پاکستان کو مزید دو اہم کامیابیاں دلا کر جیت کی راہ ہموار کی۔ سری لنکا کا اسکور 106 تک پہنچا ہی تھا تو ملندا سری وردنا رن آؤٹ ہو گئے جبکہ عرفان نے دوسرے اسپیل کے لیے آتے ہی تھسارا پریرا کی وکٹیں بکھیر دیں۔ سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی اور پاکستان نے 15 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے چار اہم وکٹیں حاصل کیں اور عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔