لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی سربراہی میں بلوچستان کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورہمیں ملکر اسے سنوارنا ہے ۔چاروں صوبے ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں ۔پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگرامز میں بلوچستان ،خیبر پختونخوا،سندھ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،دانش سکولز،لیپ ٹاپ سکیم،ہونہارطلباء و طالبات کے بیرون ملک مطالعاتی دوروں اور پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات دینے جیسے انقلابی پروگرامز میں پاکستان کی تمام اکائیوں کی شمولیت سے قومی یکجہتی ،یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب حکومت نے اپنے حصے کے 11ارب روپے سالانہ بلوچستا ن کو دئیے اور 5 سالوں میں 55ارب روپے بلوچستان کو اپنے حصے کے دئیے ہیں جو کہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی اور انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلوچ بہن بھائیوں کی خدمت کا فرض ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے او رہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کی چاروں اکائیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔وزیرعلیٰ نے کہا کہ ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنے میں ہی ہماری بقا ہے اور اسی میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا راز مضمر ہے۔بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم ہر طرح حاضر ہیں۔