کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی ریاست اورمذہبی جنونیت کے خاتمہ کیلئے عوام کو روشن خیال ترقی پسند لبرل ‘ سیاسی جمہوری جماعتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے باشعور معاشرے کے ذریعے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا نیشنل پارٹی تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو جوڑنے کی کوشش کررہی ہے اس لئے کارکن سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنظیم کو وسعت دینے کیلئے عوام سے رابطے میں رہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشتون ریجن کے اضلاع کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر وحدت بلوچستان کے جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ ‘ ڈاکٹر اسحاق بلوچ ‘ خیر جان بلوچ ‘ پشتون ریجن کے ریجنل سیکرٹری صدیق پانیزئی کے علاوہ لورالائی ‘ زیارت ‘ قلعہ سیف اللہ ‘ ژوب ‘ ہرنائی و خانوزئی کے عہدیداران موجود تھے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد بلوچستان میں حکومت سیاسی اقدار کو اقتدار پر ترجیح دیکر مثبت عمل کو پروان چڑھایا گیا بحیثیت وزیراعلیٰ بلوچستان سیاسی تربیت کے ذریعے سیاسی اقدار کے فارمولے پر عمل پیرا ہو کر صوبہ کی تعمیر و ترقی کیلئے جامع اور مربوط پالیسیوں کو رائج کیا اور اپنے دور اقتدار میں گڈ گورننس کے قیام اور قانون کی بالادستی کو قائم کرنے کیلئے میرٹ ڈسپلن کو ترجیح دیتے ہوئے صوبہ میں نئی سمت اور رائے متعین کر دی انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلارنگ و نسل ذات پات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیاسی بصیرت حکمت عملی اور لبرل ترقی پسند سوچ کے ذریعے عوام کے حقوق کے حصول قومیتوں کو برابری کی بنیاد پر جائز مقام دلانے کیلئے جمہوری طریقے سے سیاسی جدوجہد کررہی ہے اس لئے آج نیشنل پارٹی ملک بھر میں تیزی سے پھیلتی جارہی ہے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ غلط حکمت عملیوں اور بیرونی قوتوں کے سامراجی عزائم اورتسلط نے بگاڑ کا ماحول پیدا کرکے ملک کو دہشت گردی ‘ جہالت ‘ معاشی ‘ معاشرتی تباہی ‘ بے راہ روی اور اقرباء پروری کی صورتحال دوچار کردیا جس سے ملک میں آباد قومیتوں کے درمیان کشیدگی اور نفرتیں جنم لیتی رہیں جو کہ مجموعی معاشرے اورملکی مفاد کے برخلاف واقعہ ہوئیں نیشنل پارٹی نے روز اول سے ان نامعقول اور گھناؤنے عمل کو عوام اور معاشرے کیخلاف قرار دیتے ہوئے نہ صرف حوصلہ شکنی کی بلکہ بھرپورمزاحمت اور جدوجہد کی لیکن اس وقت کے حکمرانوں کو نیشنل پارٹی کی منطق اور دلیل ناگوار گزری جس کا خمیازہ آج پورا ملک بھگت رہا ہے اس لئے اب عوام کو شعوری سطح کو چھوتے ہوئے اور ملک میں حقیقی فلاحی ریاست کے قیام اور مذہبی جنونیت ‘ پسماندگی ‘ جہالت جیسے بدترین زندگی سے نجات حاصل کرنے کیلئے روشن خیال ترقی پسند اور لبرل سیاسی جماعتوں کیساتھ ملکر نئے معاشرے کی تشکیل اور ترقی و خوشحالی کو منزل مقصود بنانے میں عملی کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام میں سیاسی شعور و بیداری اور اجتماعی سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے سیاسی کارکن و تنظیم ہی واحد راستہ ہے اس لئے نیشنل پارٹی کے کارکنوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو سیاسی آگاہی سے آراستہ کرتے ہوئے متحد ومنظم کرے ۔