کولکتہ: ایشیا کپ میں مضبوط اور روائتی حریفوں کو زیر کرنے والی بنگلہ دیش ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی گروپ میچ میں پاکستان کی مشکلات بڑھانے کیلئے تیار نظر آتی ہے۔
ون ڈے فارمیٹ میں کارکردگی بہتر بنانے والی بنگلہ دیش ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ اتنا اچھا نہیں اور وہ آج تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست نہیں دے سکی۔
تاہم، اس مرتبہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میدان میں بنگلہ دیش ایک ایسی ٹیم (پاکستان)کے خلاف اپنی قسمت آزمائے گی جو حالیہ عرصے میں کافی مشکلات کا سامنا کرتی آئی ہے۔
گزشتہ ہفتے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی راؤنڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے والی بنگلہ دیش جانتی ہے کہ پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن بنانے کیلئے پاکستان کے خلاف جیت کتنی اہم ہو گی۔
اسٹار بلے باز تمیم اقبال اپنی زندگی کی بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے پہلے راؤنڈ کے ابتدائی دو میچوں میں 83 اور 47 رنز بنانے کے بعد اتوار کو عمان کے خلاف بنگلہ دیش کی پہلی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سینچری داغی۔
رواں مہینے ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش کے مداحوں نے بھرپور جشن منایا تھا۔