|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2016

اسلام آباد : ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف نے نورخان ائربیس پر قربان علی بردی محمدوف کا استقبال کیا۔ ترکمانستان کے صدر کا استقبال کرنے کے لیے وزیراعظم کے ہمراہ خصوصی مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور اسلام آباد کے میئر علی انصر بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے، ان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ ترکمانستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوئی، جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آرنر پیش کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ قربان علی بردی محمدوف اپنے دورے میں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتوں میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ واضح رہے کہ کہ ترکمان صدر کے دونوں ممالک کے لیے تاپی (ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، انڈیا) گیس پائپ لائن منصوبے کے تناظر میں اہمیت کے حامل ہے۔
تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح 3 ماہ قبل دسمبر 2015 میں ترکمانستان میں کیا گیا تھا، جس میں ترکمانستان کے صدر قربان علی محمدوف اور پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ افغانستان کے صدر اشرف غنی اور ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری نے شرکت کی تھی۔
قربان علی بردی محمدوف کے حالیہ دورے میں تاپی منصوبے کے علاوہ پاکستان کو بجلی کی فراہمی کی مفاہمتی یاداشت پر ہونے والے عملدرآمد کو بھی زیر بحث لایا جا سکتا ہے۔