|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2016

کولکتہ: پاکستان نے کپتان شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو شکست 55 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا کامیابی انداز میں آغاز کیا ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو اوپنرز نے 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن تیسرے اوور میں شرجیل خان اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔ اس کے بعد حفیظ اور احمد شہزاد نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ حفیظ اور احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کیلئے 95 رنز کی اہم شراکت قائم کی، احمد شہزاد 52 رنز بنانے کے بعد صابر رحمان کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس کے بعد محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 163 تک پہنچا دیا، حفیظ بنگلہ دیشی یلڈر سومیا سرکار کے شاندار کیچ کے سبب 64 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوئے۔ شاہد آفریدی نے 19 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جبکہ عمر اکمل کوئی رنز نہ بنا سکے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب شروع کی تو پہلے ہی اوور میں محمد عامر نے سومیا سرکار کی وکٹیں بکھیر دیں۔ تمیم اقبال اور صابر رحمان نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، قومی ٹیم کے کپتان نے صابر کو باؤلڈ کردیا۔ ابھی اسکور 58 تک ہی پہنچا تھا کہ تمیم اقبال بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں وکٹ دے بیٹھے، کامیاب باؤلر ایک بار پھر آفریدی تھے۔ عماد وسیم نے اپنے پہلے ہی اوور میں محموداللہ کی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے سب سے تجربہ کار بلے باز شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم وکٹ پر یکجا ہوئے لیکن دونوں ہی کھلاڑی تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے جس کے سبب درکار رن ریٹ بتدریج بڑھتا گیا۔ مشفیق 21 گیندوں پر 18 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ شکیب نے 50 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے آفریدی اور محمد عامر نے 27 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان کا اگلا میچ 19 مارچ کو میزبان ہندوستان سے ہو گا۔ میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔ پاکستان: شاہد آفریدی(کپتان)، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، سرفراز احمد، شعیب ملک، عمر اکمل، عماد وسیم، محمد عرفان، وہاب ریاض اور محمد عامر۔ بنگلہ دیش: مشرفی مرتضیٰ(کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، صابر رحمان، شکیب الحسن، محموداللہ، مشفیق الرحیم، محمد متھن، عرفات سنی، تسکین احمد، الامین حسین۔