کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان اور کیچ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 13افراد مارے گئے ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق ایف سی اورحساس اداروں نے کْوہلو اور بارکھان کے سرحدی علاقے نساؤ میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے بارہ ارکان مارے گئے۔ترجمان ایف سی کے مطابق ہلاک افرادمیں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا اہم کمانڈرجامیرعرف جہانگیراور کمانڈربلوچ خان بھی شامل ہے جو ٹارگٹ کلنگ، سیکورٹی فورسز پر حملوں،بھتہ خوری اوراغواء برائے تاوان میں ملوث تھا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران آٹھ افراد کے ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں کمانڈر جہامیر عرف جہانگیر بھی شامل ہے جبکہ بلوچ خان کے ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ ہلاک ہونے والے باقی افراد میں دو افراد کی شناخت محمد حسین اور محمد اصغر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کے قبضے سے تین کلاشنوف اور ایک تھری ناٹ تھری رائفل برآمد ہوئی۔ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ ادھر مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ اور بلیدہ میں بھی سرچ آپریشن کئے گئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق بلیدہ میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ایک دہشتگرد کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کیا گیا۔ ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے جبکہ تمپ میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں چار افراد کو حراست لیا گیا جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔