کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ ماہرین نے بھی آئندہ 2 سے 3 روز تک درجہ حرارت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں فروری میں تو گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہی تھے لیکن اب مارچ میں بھی شہر قائد کے لوگوں کے لیے سورج بھرپور تمازت سے آگ برسا رہا ہے۔ شہر میں ایک مرتبہ گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے اور درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسئیس سے تجاوز کرگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر سے چلنے والی ہوائیں ایک مرتبہ پھر بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے کراچی اور گرد و نواح کو شمال مشرقی سمت سے چلنے والی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، گرمی کی شدت مزید 2 سے 3 روز تک برقرار رہے گی۔ اس لئے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت اپنے گھروں سے نا نکلیں اور سفر کے دوران اپنے سر کو ڈھانپنے کے علاوہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہونے سے شہر میں ہیٹ اسٹروک سے 1400 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔