|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ ، نوشکی اور صحبت پور میں ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے متصل لسبیلہ کے علاقے وندر میں آر سی ڈی شاہراہ پر رانا بھٹ کے مقام پر تیز رفتار مسافر بس نے رکشہ کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دو افراد محمد صدیق ولد فقیر محمد اور حمل زوجہ خان محمد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر وندر اور حب کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ادھر نوشکی میں کوئٹہ سے تفتان جانے والی مسافر بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زاہد ولد غلام محمد جاں بحق ہوگیا۔ مقامی انتظامیہ نے کوچ ڈرائیور عطاء اللہ کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ صحبت پور کے علاقے پولیس تھانہ آر ڈی 298 کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ چار موری کے قریب گدھا گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نور الدین کنرانی جاں بحق ہوگیا۔