بارکھان: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ 70سالوں سے حکمران بلوچستان کے عوام کو پینے کا صاف پانی تک فراہم نہیں کرسکے ہر گھر سے بیماری ،جہالت اور غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے ماضی کے عوامی نمائندوں نے عوام کی بجائے خود کی حالت سدھارنے پر توجہ دی ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بارکھان میں ایک بہت بڑے اور عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک میں جمہوریت اور بلوچستان کے حقوق کی پاسبان جماعت ہے اگر بلوچستان کے عوام کو بہتر مستقبل ،آئندہ کی نسلوں کو بیماریوں ،جہالت ،غربت،پسماندگی سے نجات دلانا چاہتے ہیں تو انہیں نیشنل پارٹی کے جھنڈے تلے جمع ہونا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مشکلات پسماندگی اور محکومی کی بنیادی وجہ ایک منظم سیاسی قوت کے عدم وجود کے سبب ہے ایک منظم سیاسی شعور اورانقلابی جماعت ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہوسکتی ہے ۔انہوں نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں تعلیم یافتہ قوم اور معاشرے کے حقوق کو کوئی غصب کرنے کی جرات نہیں کرسکتا ترقی و خوشحالی کے تمام تر راستے اور منزلیں تعلیم سے ہی ہوکر گزرتی ہیں ترقی یافتہ دنیا کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں نیشنل پارٹی کے رہنما کریم کھیتران کو ووٹ دیکرکامیاب بنائیں ہم ضمانت دیتے ہیں کہ آپ کے مسائل آپ کی دہلیز پر حل ہونگے ہماری جہالت میں بددیانتی ،اقربا پروری اور عوام مخالف اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اڑھائی سالہ حکومت میں ہمیں شدید مشکلات کا سامنا تھا سب سے پہلے ایک غیر فعال حکومت کو فعال بنایا امن و امان کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانا کھنڈرات میں تبدیل شدہ تعلیمی شعبے کی بہتری ،بلوچستان میں بھائی چارے کی فضاء کی بحالی ،عوام کے اعتماد کی بحالی ،گڈگورننس کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل تھیں انہوں نے کہا کہ پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت ہم نے عوام سے اپیل کی کہ بلوچستان میں بہت کشت و خون ہوچکا لہذا پرامن بلوچستان پالیسی سے استفادہ کیا جائے دوسری جانب پولیس اور لیویز میں وسیع اصلاحات کی گئیں پولیس کے ادارے کوسفارش اور حکومتی و سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے پولیس و لیویز کی بہترتربیت کیلئے اقدامات اٹھائے گئے انہیں تمام ضروری وسائل کی فراہمی اور آلات فراہم کئے گئے ان کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا جس کے باعث بلوچستان میں قیام امن کا خواب پورا ہوسکا شہروں کی رونقیں بحال اور قومی شاہراہیں محفوظ ہوگئیں تعلیمی شعبے کی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کا بجٹ صرف 4فیصدتھا جبکہ ہماری حکومت نے اسے24فیصد تک بڑھایابلوچستان میں تین نئے میڈیکل کالجز ،6نئی یونیورسٹیاں قائم کی مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بناکر بلوچستان کے عوام کا 70سالہ پرانا مطالبے کو حقیقت کا روپ دیا گیا بلوچستان کے طلباء کو مفت کتب کی فراہمی نقل کے خاتمے اور پانچ ہزار سے زائد اساتذہ کی میرٹ کے مطابق این ٹی ایس کے ذریعے تعیناتی عمل میں لائی گئی جوکہ یقیناًایک انقلاب سے کم نہیں تھا اسکے علاوہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کے نفاذ سے قابل اور حقداروں کو اب انکا جائز حق مل رہا ہے انہوں نے کہا کہ ساحل اور وسائل کی حفاظت کیلئے بھی پارٹی منشور کے مطابق عمل کرتے ہوئے گوادر ضلع میں غیرقانونی الاٹمنٹس کو منسوخ کرکے ساحل کو تحفظ فراہم کیا انہوں نے کہا کہ بارکھان ایک زرخیز زرعی علاقہ ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں قبائلی تنازعات میں لوگ دست و گریبان ہیں جس کے باعث آنکی آمدنی قبائلی عداوتوں کی نظر ہوجاتی ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قبائلی تنازعات سے جان چھوڑائیں اور تعلیم پر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ قبائل اپنی قوت کو اپنے بھائیوں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے جہالت ،غربت ،پسماندگی کے خلاف استعمال کریں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین لگائیں اور قطرے پلائیں ایک چھوٹی سی غفلت بچوں کی زندگیوں کا چراغ گل کردیتی ہے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے ویکسین ضروری ہے تاکہ موذی مرض کا خاتمہ ہوسکے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت میرا فریضہ اور بیماریوں کا خاتمہ میرا مشن ہے ہمارا تعلق عام طبقے سے ہے اور ہم نے ثابت کردیا ہے کہ بالادست طبقہ کی نسبت عام طبقہ عوام کی بہتر خدمات اور حقوق کی حفاظت کرسکتے ہیں ۔رحمت صالح بلوچ نے ضلع کے بنیادی مرکز صحت کیلئے 20لاکھ روپے ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کیلئے 10لاکھ روپے ،ایک عدد ایمبولینس کی فراہمی کا اعلان کیا ۔صوبائی وزیر نے آئندہ مالی سال میں ضلع کیلئے مزید ایمبولینس گاڑیوں اور طبی آلات کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ۔نیشنل پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری پارٹی بدعنوان اوربددیانت لوگوں سے پاک ہے جلسہ عام سے خیر جان بلوچ ،کریم کھیتران ،مہر گل کھیتران ،محراب مری عبدالرسول سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔