|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2016

کوہلو:  نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی میں بلوچ عوام کی ضروریات کے تقاضے بدل گئے ہیں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوئے بغیر چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ یہ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بابو بنگل مری شہید کی یاد میں منعقدہ ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ورکروں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ بلوچ کو قبائلی تنازعات سے نکل کر ایک ہونا ہوگا اکیسویں صدی علم و ہنر کی صدی ہے اس میں وہی قوم اپنی بقاء میں کامیاب ہوگی جو خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرسکے گی میرے لئے باعث خوشی کا مقام ہے کہ ضلع کوہلو کے دو ہزار بچے ملک کے بہتر تعلیمی اداروں میں علم حاصل کررہے ہیں یہی بچے ہمارا مستقبل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے کہ آج بلوچستان کے بہت سے علاقوں میں لیڈی ڈاکٹر تک دستیاب نہیں ہمیں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ مرکوزکرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو دور حاضر کے چیلنجز سے نکالنے کیلئے نیشنل پارٹی کو عوام مضبوط بنائیں نیشنل پارٹی ہرگھر سے بے روزگاری ،بیماری ،غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کرکے عوام کو ایک خوشحال زندگی مہیا کریگی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کوہلو میں پٹرول ،گیس اور قدرتی معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں اگر ہم بحیثیت قوم منظم نہ ہوئے اور اپنے لوگوں کو شعور و آگاہی نہ دی تو یہ خزانے ہمارے لئے نہیں ہونگے سوئی گیس کا مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئی سے نکلنے والی گیس نے ملک کے کارخانوں کی چمنیاں اور کروڑوں لوگوں کے چولہے روشن کئے لیکن ڈیرہ بگٹی کے لوگوں اس سے محروم رہے کوہلو کے خزانے ریکوڈک ،سیندک سمیت بلوچستان میں مدفون قدرتی ذخائر کا تحفظ صرف اور صرف تعلیم اورتکنیکی علم کے حصول سے ہی کیا جاسکتا ہے آج کی دنیا علم کی دنیا ہے اور علم ہی موثر ہتھیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی جیسی شعوری جماعت ہی عوام کے حقوق ،ساحل و وسائل کی موثر طریقے سے حفاظت اور دفاع کرسکتی ہے عوام پارٹی کو مضبوط بناکربلوچستان کے مستقبل کو تحفظ فراہم کریں۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مستقل ہونے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز میں انکے مستقلی کے کاغذات بھی تقسیم کئے جبکہ ویکسینیٹر میں موٹرسائیکل کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔رحمت صالح بلوچ نے ضلع کوہلو کے سرکاری ہسپتالوں کیلئے ادویات کی فراہمی کیلئے 20لاکھ روپے بھی دینے کا اعلان کیا۔کانفرنس سے ڈاکٹر اسحاق بلوچ ،خیرجان بلوچ،کریم کھیتران ،عبدالرسول بلوچ ،محراب مری اور ضلع کوہلو کے صدر نے بھی خطاب کیا۔