آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں اتوار کو کھیلے گئے اہم میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
آسٹریلیا نے انڈیا کو میچ جیتنے کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ وراٹ کوہلی نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہر کرتے ہوئے نہ صرف اپنی نصف سنچری سکور کی بلکہ اپنی ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کوہلی نے ناقابل شکست 82 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ 19 ویں اوور میں وراٹ کوہلی نے چار چوکے لگائے اور اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی اور وراٹ کوہلی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 31 گیندوں پر اہم 67 رنز بنائے۔ وراٹ کوہلی نے اننگز کے 18ویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا جس کی مدد سے انڈیا نے اس اوور میں 19 رنز بنائے۔ شین واٹسن آسٹریلیا کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انھوں نے اپنے چار اوورں میں 23 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوراج سنگھ آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جو 21 رنز بنا کر جیمز فالکنر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
شین واٹسن نے اپنے دوسرے اوور میں آسٹریلیا کو ایک اور کامیابی دلائی ہے۔ سریش رائنا دس رنز بنا کر شاٹ پچ گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاور پلے میں انڈیا نے 37 رنز بنائے اور اس دوران اس کے دو بلے باز آؤٹ ہوئے۔
انڈین اننگز میں پاور پلے کا آخری اوور شین واٹسن نے کروایا اور صرف تین رنز دے کر انھوں نےروہت شرما کی اہم وکٹ حاصل کی۔
ناتھن کولٹرنائل نے چوتھے اوور میں شکھر دھون کو شاٹ گینڈ پر کیچ آؤٹ کیا۔ انھوں نے 13 رنز سکور کیے۔
انڈیا کی جانب سے تمام بولرز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کو 160 رنز تک محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔
اشیش نہرا، بھمرا، ایشون اور یوراج سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ہاردک پانڈیا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے۔
آسٹریلین اننگز کا آخری اوور پانڈیا کروانے آئے تو پہلی ا ہی گیند پر جیمز فالکنر دس رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
ابتدائی اووروں میں تیزی سے سکور کرنے کے بعد آسٹریلین بلے بازوں کے لیے رنز بنانا انتہائی مشکل رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
بھمرا کی گیند پر میکسویل ایک اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 31 رنز بنائے۔
16ویں اوور میں کیکسویل نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا اور جدیجہ کے اوور میں 15 رنز حاصل کیے۔
آسٹریلوی اننگز کا 13واں اوور ہاردک پانڈیا نے کروایا جس میں سات رنز بنے اور ایک وکٹ حاصل ہوئی۔ایرون فنچ 34 گیندوں پر 43 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
انڈین سپن بولرز آسٹریلین بولرز کو تیزی کے ساتھ رنز بنانے سے روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب آسٹریلیا کی ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد سکور کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
یوراج سنگھ اننگز کا دسواں اوور کروانے آئے تو ان کی پہلی ہی گیند پر سٹیون سمتھ دو رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ڈیوڈ وارنر ایشون کی گیند پر باہر نکل کر اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں چھ رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
انڈین بولرز پہلی وکٹ حاصل کرنے کے بعد کافی حد تک سکور روکنے میں کامیاب ہو گئے ہیں لیکن انھیں وکٹیں حاصل کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔
بھمرا کا دوسرا اور اننگز کا چوتھا اوور انڈیا کے لیے بہتر رہا جس میں صرف چار رنز ہی بن سکے۔
اشیش نہرا نے اپنے تیسرے اوور میں انڈیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ عثمان خواجہ جو جارحانہ انداز میں بلے بازی کر رہے تھے 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے آسٹریلوی اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں تیزی سے 54 رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا اور انڈیا کی ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی مقابلے
آسٹریلیا کی ٹیم کا ریکارڈ
- کھیلے 83
- جیتے 41
- ہارے 39
- بے نتیجہ 1
- برابر 2
ٹی ٹوئنٹی مقابلے
انڈیا کا ریکارڈ
- 68 کھیلے
- 41 جیتے
- 25 ہارے
- 1 برابر
- 1 بے نتیجہ