ناگپور: افغانستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹائٹل فیورٹ ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔
ناگپور میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔
ٹورنامنٹ کے سپر 10 مرحلے کے تینوں میچوں میں حریف ٹیموں کو حیران کرنے والے افغان ٹیم اس میچ میں کچھ خاص کرنے میں ناکام رہی اور ان کی بیٹنگ ویسٹ انڈین باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹسمین کُھل کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہا۔
نجیب اللہ زدران نے 48 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی اور اپنی ٹیم کا مجموعہ 123 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ محمد شہزاد 24 اور اصغر استینکزئی 16 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 123 رنز بنا سکی اور پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیمیول بدری تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ آندرے رسل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے ایک آسان نظر آنے والے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو افغان باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو کسی بھی موقع پر کُھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہ دیا جس کی وجہ سے ویسٹ انڈین وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
ڈیوین براوو 28 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ جانسن چارلس نے 22 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنا سکی۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ویسٹ انڈین ٹیم اپنے تینوں میچ جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔