|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2016

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم پر پنجاب بھت میں کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا۔ ملٹری ذرائع کے مطابق صوبے میں آپریشن خفیہ معلومات پر کیا جارہا ہے جس کی نگرانی کور کمانڈر کر رہے ہیں۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس میں سانحہ لاہور کے بعد پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں گزشتہ روز سے اب تک انٹیلی جنس ایجنسیوں نے آرمی اور رینجرز کی مدد سے لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں 5 آپریشنز کیے، جبکہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
پاک فوج و رینجرز کے آپریشنز کے دوران کئی مشتبہ دہشت گردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود و اسلحہ برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور پاک دھماکے کے بعد بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سیکورٹی اجلاس ہوا تھا، جس میں ڈی جی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خفیہ اداروں کو واقعے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ معصوم شہریوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پارک میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں 72 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکا گلشن اقبال پارک کے اُس حصے میں ہوا جہاں بچوں کے جھولے نصب تھے اور مذکورہ مقام پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خودکش حملے دھماکے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان کے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔