تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وسابق حکومتی ترجمان جان محمدبلیدی نے تربت کا دورہ کیا اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اجلاس کی جس میں صوبائی صدر میرمحمد اکرم دشتی ‘ مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن ‘ محمد جان دشتی‘ ضلع کیچ کے صدرطاہربلوچ ‘ ٹھیکیدارزبیراحمدبلوچ ‘ احمدجان ‘ بی ایس اوپجارکے صدر وجنرل سیکرٹری ودیگررہنماؤں نے شرکت کی ‘ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ تربت یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح کرکے سکون محسوس ہوا ‘ ایک دیرینہ خواہش اور عوام کابنیادی مطالبہ آج تکمیل کی جانب بڑھ رہاہے انہوں نے کہاکہ تعلیم ہماری پارٹی کی ترجیح نمبر1رہی ہے جس میں بڑی حدتک کامیابی حاصل کی ہے انہوں نے کہاکہ حکومتوں پرتنقید ہوتے رہتے ہیں لیکن اقتدارمیں جتنے دن بھی رہے باوقار اندازمیں رہے اوربلوچستان کے تمام معاملات کوحل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جس میں زیادہ تر میں کامیابی حاصل ہوئی ‘ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ اقتدارکی نیشنل پارٹی کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ہے عوام کیلئے سیاست کرتے ہیں اور اسے عبادت سمجھ کر اب بھی کررہے ہیں ‘دولت وجائیدادکی نہ پہلے خواہش تھی اورنہ اب ہے ‘ بلوچستان کے عوام کی قومی وسیاسی حقوق کی جدوجہد میں نیشنل پارٹی اپناکرداربھرپور اندازمیں اداکرتی رہے گی ‘ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان بھرمیں پارٹی کوفعال ومتحرک رکھنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ 4اپریل سے گوادرکا دورہ کریں گے اس کے بعدتربت میں آکر پارٹی کومزید فعال ومتحرک کرنے کیلئے کام کریں گے انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں کہاکہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں ‘کرپشن واقرباء پروری کرنے والے سیاسی ٹولے حواس باختہ ہوچکے ہیں ‘ہم نے میرٹ کومقدم رکھا اس سے ہمارے مخالفین کوپریشانی ہورہی ہے ہم نے تعلیم ‘پولیس اور دیگر شعبوں میں تعیناتیاں صرف میرٹ کی بنیادپر کی ہیں ہم نے کرپشن کے ناسور کوختم کرنے کیلئے بہت سے اقدامات بھی اٹھائے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ پارٹی ہمارے لئے سب سے افضل ترہے پارٹی کے معاملات پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن کارکنوں کے نام پر کسی کی بھی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ‘پارٹی کوجمہوری وسیاسی بنیادوں پرمنظم ومتحرک کرنے کی ضرورت ہے ‘ بلوچستان کے حالات پہلے کی نسبت بہت بہترہوئے ہیں لہٰذاہمیں اپنی سیاسی سرگرمیوں کو بھی ازسرنو منظم کرنے کی ضرورت ہے ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وسابق حکومتی ترجمان جان محمدبلیدی نے کہاکہ پارٹی کی مرکزی قیادت 4 اپریل سے مکران کادورہ کرے گی ‘4 اپریل کومرکزی صدر میر حاصل بزنجو ‘ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ‘ رجب علی رند ‘ میرمحمد اکرم دشتی ‘ اسلم بلوچ ‘ نیازبلوچ ‘ ٹکری شفقت لانگو ‘محراب مری ‘ عبدالرسول سمیت دیگر رہنما گوادرپہنچیں گے انہوں نے کہاکہ گوادرکے بعدمرکزی قیادت تربت کادورہ کرے گی جہاں وہ پی بی50میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے لوگوں کے ساتھ رابطہ کرے گی اورپارٹی انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دے گی۔