ممبئی: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہندوستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے اوس کے عنصر کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے اپنے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔
ہندوستانی اوپنرز روہت شرما اور اجنکیا راہانے نے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 62 رنز کی شراکت قائم کی، روہت تین چھکوں اور تین چوکوں سے مزین 43 رنز بنائے۔
ویرات کوہلی اور راہانے نے بہترین آغاز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور دوسری وکٹ کیلئے مزید 66 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی، راہانے 40 رنز بنانے کے بعد آندرے رسل کی وکٹ بنے۔
اس سے قبل ویرات کوہلی اس وقت خوش قسمت رہے جب ویسٹ انڈین فیلڈرز نے انہیں رن آؤٹ کرنے کے دو مواقع ضائع کیے۔
کوہلی نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کی اور تمام ہی ویسٹ انڈین باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ہندوستان نے مقررہ اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 192 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
آسٹریلیا کے خلاف مرد بحران کا کردار ادا کرنے والے کوہلی نے ایک بار پھر بہترین اننگ کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 89 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل اور جونسن چارلز نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 6 رنز کے مجموعے پر کرس گیل 5 رنز بنا کر بمراہ کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے
بلے بازی کے لیے آنے والے اگلے کھلاڑی مارلن سیمئولز تھے جنہوں نے 8 رنز کی اننگز کھیلی اور اشیش نہرا کی گیند ہر رہانے کو کیچ دے کر آوٹ ہوگئے۔
لینڈل سمنز جونسن چارلز کا ساتھ دینے میدان میں اُترے تو دونوں کھلاڑیوں نے مجموعے کو 116 تک پہنچا دیا ۔ جونسن چارلز 36 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر کوہلی کی گیند کا شکار بنے۔
اس کے بعد آندرے رسل نے بلا سنبھالا اور لینڈل سمنز کا ساتھ دیتے ہوئے ناقابلِ شکست شراکت قائم کی اور 19.4 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔
آندرے رسل نے 20 گینوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ لینڈل سمنز نے 51 گیندوں پر 83 رنز بنا کر کھیل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ہندوستان کی جانب سے اشیش نہرا، جسپریت بمراہ اور ویرات کوہلی نے مجموعی طور پر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں
ٹورنامنٹ میں اب تک ایک ہی ٹیم کامبی نیشن کے ساتھ کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم نے میچ کیلئے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے زخمی یوراج سنگھ کی جگہ منیش پانڈے اور آؤٹ آف فارم شیکھر دھاون کی جگہ اجنکیا راہانے کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔
ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے کرس گیل اور لینڈل سمنز کو ٹیم میں شامل کیا۔
میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
ویسٹ انڈیز: ڈیرن سیمی(کپتان)، کرس گیل، لینڈل سمنز، جانسن چارلس، مارلن سیمیولز، دنیش رامدین، ڈیوین براوو، آندرے رسل، کارلوس بریتھ ویٹ، سیمیول بدری اور سلیمان بین۔
ہندوستان: مہندرا سنگھ دھونی(کپتان)، روہت شرما، اجنکیا راہانے، ویرات کوہلی، سریش رائنا، منیش پانڈے، ہردیک پانڈیا، رویندرا جدیجا، روی چندرہ ایشون، جسپریت بمراہ اور اشیش نہرا۔