کوئٹہ : وفاقی وزیر برائے خوراک اور ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے صوبے کی ترقی میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی پوشیدہ ہے، بلوچستان میں گلہ بانی کے وسیع مواقع موجود ہیں، وفاقی حکومت کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں لائیواسٹاک کی بہتری سے متعلق سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں گلہ بانی اور زراعت کی پیداوار بڑھانے کے مواقع موجود ہیں لیکن آبی ذخائر کی کمی اور غربت جیسے مسائل کے باعث کسان کی معیار زندگی میں بہتری نہیں آسکی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلہ بانی کے فروغ کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو مقامی نسلوں کے جانوروں کی پیداواری قلت کے خاتمے، جدید چارہ گاہوں کا قیام ، ادویات اور ویکنیشن نہ ہونے جیسے مسائل کے خاتمے کے لئے جدید خطوط پر مربوط حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی تاکہ کسان اور گلہ بان ایک صحت مند اور خوشحال زندگی بسر کرسکے۔ سکندر حیات بوسن نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان میں امور حیوانات کی بہتری کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ لائیواسٹاک اور زراعت کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ایک ہزار گلہ بانوں اور دو ہزار کسانوں کو وفاقی حکومت تربیت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لائیواسٹاک کی بہتری کے لئے نجی سرمایہ کاروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 18 ویں ترمیم کے بعد لائیواسٹاک صوبے کے اختیار میں ہے زرعی مصنوعات کی پیداواری قیمت کو کم کرنے کے لئے صوبوں کے بھرپور تعاون درکار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا انحصار لائیواسٹاک پر ہے گلہ بانی بلوچستان کی ثقافت کا حصہ اور یہاں کی آب و ہوا اس کے لئے ساز گار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال میں جانوروں کی افزائش، نگہداشت کے لئے صوبائی بجٹ میں متعدد منصوبے متعارف کرائے جائیں گے جبکہ جنگلات اور قدرتی چارہ گاہوں میں اضافے کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کسانوں اور گلہ بانوں کی جانب سے آنے والی تجاویز اور ان کے مسائل کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے لائیواسٹاک ویٹرنری ریسرچ سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے صوبائی مشیر برائے امور حیوانات عبیداللہ بابت، سیکرٹری محمد صدیق مندوخیل اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔