کلکتہ: ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر نئے چمپیئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔
کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرنے ایلیسا ہیلی اور ایلیس ویلانی میدان میں اُتریں۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 15 رنز کے مجموعے پر ایلیساہیلی کی گری جب وہ ہیلی میتھیوز کی گیند پر اُنہی کو کیچ تھما کر آوٹ ہو گئیں۔
ایلیس ویلانی اور آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ نے مجموعے کو 92 تک پہنچایا۔
ایلیس ویلانی 37 گیندوں پر 52 بنا کر دندرا دوتن کی گیند پر ٹیلر کو کیچ تھما کر آوٹ ہو گئیں۔
134 رنز کے مجموعے پر میگ لیننگ کی وکٹ گری، وہ 49 گیندوں پر 52 رنز بنا کر انیسا محمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔
ایلیس پیری23 گیندوں پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔
ایلکس بلیک ویل اسکور میں صرف 3 رنز کا اضافہ کر پائیں۔ ایرن اوسبورن اورجیس جوناسن صفر کے اسکور پر ہی واپس لوٹ گئیں۔
آسٹریلیا نے مقررہ اورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔
کپتان میگ گینن اورایلیس ویلانی 52، 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیلی میتھیوز اور سٹیفنی ٹیلر نے جارحانہ انداز اپنا کر 120 رنز کی شراکت قائم کر کے بہترین آغاز فراہم کیا۔
سٹیفنی ٹیلر نے بہترین اننگز کھیلی اور 57 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔وہ رین فریل کی گیند پر جونسن کو کیچ تھما کر آوٹ ہوگئیں۔
بعد میں آنے والی دندرا دوتن اور برٹنی کوپر نے میچ کا اختتام کیا اور ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔
ہیلی میتھیوز نے 45 گیندوں پر 66 رنز بنائے، اُن کی وکٹ کرسٹین بیم نے حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز کو میچ اور سٹیفنی ٹیلر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار کا ایوارڈ دیا گیا۔