کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بھارت اور اس کے ایجنٹ بلوچستان کی سرزمین کو لہو رنگ کی سازش کررہے تھے جسے ہمارے اداروں اور فورسز نے عوام کی بھرپور طاقت کے ہمراہ ناکام بنا دیا ہے صوبہ میں امن وامان کی صورتحال ماضی سے بہتر ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبہ کی عوام کو جمہوری حکومت کے ثمرات منتقل کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تب بلوچستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی تھی ہم نے امن دشمنوں کیخلاف موثر کارروائیاں کرنے کا عزم کیا ہماری فورسز نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جس کے بعد آج بلوچستان میں حالات ماضی کی نسبت بہتر ہیں انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے حاضر سروس آفسر کی گرفتاری سے یہاں ان عناصر کے چہرے عیاں ہو گئے جو بھارت کے تعاون سے ملکی سالمیت پر حملہ آور ہورہے تھے مگر یہ بات ہم سب کیلئے قابل فخر ہے کہ ہم نے ان عناصر کی سازشوں کو ناکام بنادیا اور جو لوگ بیرون ملک بیٹھ کر عیاشی کی زندگی گزاررہے تھے اور یہاں ہمارے بچوں کو اپنے مفادات کی جنگ میں دھکیلے ہوئے تھے وہ ناکام ہوئے ایسے لوگوں نے اپنے فائدے کیلئے ماؤں کی گودیں اجاڑیں جو نہ قوم کے پہلے خیرخواہ تھے اور نہ اب ہیں آج بلوچستان کے غیور عوام پاک سرزمین کے عظیم پرچم تلے یکجا ہوچکے ہیں اور انہوں نے امن کے دشمنوں کیخلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔