|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی خواتین کوا علیٰ تعلیم فراہم کر کے صوبے میں ایک خاموش سماجی انقلاب کی نوید ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی خواتین کے لئے روزگار کا حصول یقیناًایک اہم مسئلہ ہے تاہم خوش قسمتی سے بلوچستان میں رونما ہونے والی غیر معمولی اقتصادی ترقی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے لئے روزگار کے نئے اور بہتر مواقع پیدا کرے گی۔ جو عمومی سماجی و معاشی ترقی کے علاوہ مستقبل کی تعمیر میں خواتین کے کردار کو یقینی بنائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر نے گریجویٹس ، گولڈ مڈلسٹ اور پن آف آنرز میں اسناد و اعزازات تقسیم کئے ۔سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے ساتویں اکیڈمک کانووکیشن کی تقریب میں صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی ،مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ،سینئر اساتذہ کرام ، والدین اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ساتویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کا کانووکیشن میز ایک رسمی یا روایتی تقریب نہیں بلکہ یہ طلباء ، والدین اور ان کے اہل خاندان کے لئے مستقبل کی تعمیر میں خشت اول کی حیثیت سے تاریخی و یادگاری اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمنان کا اظہار کیا کہ وومن یونیورسٹی تعلیم یافتہ ، روشن خیال اور اعتدال پسند خواتین پیدا کر رہی ہے۔ جو اپنے قومی اقدار کے قدردان ہونے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔گورنر بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس علمی درسگاہ سے علم و شعور کی روشنی حاصل کرنے والی طالبات نہ صرف حصول علم کا یہ عمل جاری رکھیں گی بلکہ اپنے حاصل کردہ علم وشعور سے معاشرے کو ہر لحاظ سے منور و روشن کرتی رہیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ وائس چانسلر اور ان کی ٹیم طالبات کی تعلیم و تربیت میں قابل قدر کردار اد ا کررہی ہے اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وومن یونیورسٹی کے ذمہ داران اپنے وژن اور کارکردگی کو مزید بلندی پر لے کر جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ دنیا تیز رفتاری سے کروٹیں بدل رہی ہے اور خاص طور سے صنفی مساوات و شراکت کا تصور آگے بڑھ رہا ہے۔ ضروری ہے کہ آپ بھی اس نئے رحجان کے مطابق تعمیر و ترقی میں صنفی شراکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا وومن یونیورسٹی بلوچستان کی ترقی خاص طور سے عمومی ماحول او صوبے کے امیج کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہو ں نے یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ان کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔ آخر میں انہوں نے ایک بار پھر گریجویشن مکمل کرنے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو مبارکباد دی ۔