|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے چمن سے افغان ایجنٹ کی گرفتاری اور اس سے اسلحہ ، بارودی مواد اور دیگر حساس اشیاء کی برآمدگی کو سیکورٹی فورسز کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے ایف سی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے حوالے سے پہلے را کے ایجنٹ اور اب افغان ایجنٹ کی گرفتاری انتہائی اہم پیش رفت ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان کے حالات کی خرابی میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ادارے ملک کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور پوری قوم اس حوالے سے ان کے ساتھ ہے، بلوچستان اور پاکستان کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنا دیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں بلوچستان کے وسائل اور پاک چین اقتصادی راہداری پر مرکوز ہیں اور کچھ طاقتیں نہیں چاہتیں کہ بلوچستان کے وسائل کو ترقی دے کر یہاں کے عوام کی خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکے اور وہی طاقتیں اقتصادی راہداری کے منصوبے کو بھی ناکام بنانا چاہتیں ہیں جس کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت ان سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔