|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2016

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے ایک اہلکار کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

نوشکی میں ایک سینیئر پولیس افسر نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف اے او کے اہلکار کو نوشکی آتے ہوئے ڈگری کالج کے قریب سے بدھ کو اغوا کیا گیا۔ ایف اے او کے مغوی اہلکار کی شناخت شفیق آغا کے نام سے ہوئی ہے جو ادارے میں کمیونٹی ڈیویلپمنٹ مینیجمنٹ فیسیلیٹیٹر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ شفیق آغا اپنے ایک دوست کے ہمراہ ایک گاڑی میں نوشکی شہر کی جانب آ رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی گاڑی جب ڈگری کالج کے قریب پہنچی تو ایک دوسری گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور شفیق آغا کو گاڑی سے اتار کر نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ ایف اے او کے اہلکار کے اغوا کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے اور نہ ہی کسی نے اس کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ نوشکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مغرب میں تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کی سرحد شمال میں افغانستان سے ملتی ہے۔