|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2016

بیلجیئم کے استغاثہ کے مطابق نومبر میں پیرس پر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ایک اہم شخص محمد ابرینی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پیرس حملوں میں مطلوب مشتبہ افراد میں میں سے محمد ابرینی ہی اب تک گرفتاری سے بچے ہوئے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ابرینی جو کہ پانچ ماہ سے مفرور تھے برسلز کے اینڈرلیکھت ڈسٹرکٹ سے گرفتار ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ابرینی ہی ’ٹوپی پہنے ہوئے‘ وہ شخص ہو سکتے ہیں جو 22 مارچ کو برسلز ایئرپورٹ کے روانگی کے لاؤنج میں سی سی ٹی وی فٹیج پر دیکھا گیا تھا۔ ابھی تک حکام نے محمد ابرینی کا برسلز میں ہونے والے دھماکوں سے براہ راست تعلق کے بارے میں نہیں بتایا۔ 13 نومبر کو پیرس میں گن اور بم حملوں میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بیلجیئم کے استغاثہ نے تصدیق کی ہے کہ پیرس حملوں میں مطلوب مشتبہ افراد میں سے آخری شخص محمد ابرینی کو بیلجیئم سے گرفتار کیا گیا ہے۔ بیلجیئم کے تحقیقاتی اہلکاروں نے ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ گرفتار ہونے والے پانچ افراد میں محمد ابرینی بھی شامل ہیں اور ان میں ابرینی کے ساتھ موجود دو مشتبہ افراد بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے چوتھے شخص کا نام اسامہ کے ہے اور اس سے برسلز کے میٹرو سٹیشن مائل بیک پر دھماکہ کرنے والے خودکش بمبار خالد البکراوی کی مدد کرنے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق اس کو برسلز میں ایک سپورٹس بیگ خریدتے ہوئے سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا ہے اور اس بیگ کو ایئر پورٹ اور میٹرو سٹیشن میں استعمال ہونے والے بموں کو چھپانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ محمد ابرینی مراکش نژاد بیلجیئم کے شہری ہیں اور ان کے بارے میں خیال ہے کہ انھیں صالح عبداسلام کے ساتھ ایک پیٹرول سٹیشن پر دیکھا گیا۔ پیرس حملوں میں ملوث صالح عبداسلام کو برسلز میں ہونے والے دھماکوں سے دو دن پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ برسلز کے ایئرپورٹ اور میٹرو سٹیشن پر حملے میں 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 31 سالہ ابرینی مراکش نژاد بیلجیئم کے شہری ہیں اور ان کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ انھیں پیرس پر حملہ کرنے والے صلاح عبدالسلام کے ساتھ حملے سے دو دن پہلے ایک پیٹرول سٹیشن پر دیکھا گیا تھا۔
ابرینیخیال ہے کہ برسلز ایئرپورٹ پر خودکش بمباروں کے ہمراہ ’ٹوپی‘ پہنے ہوئے شخص ابرینی ہی ہیں
ایک دن پہلے جمعرات کو بیلجیئم میں حکام نے برسلز میں دہشت گرد حملوں میں ملوث ’ٹوپی والے‘ مشتبہ حملہ آور کی نئی ویڈیو جاری کی تھی۔ برسلز کے ایئر پورٹ پر دھماکوں سے پہلے یہ مشتبہ شخص خودکش بمباروں کے ساتھ دکھائی دیا تھا اور دھماکے کے بعد وہاں سے نکل گیا تھا۔ حکام کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے مشتبہ شخص کو مقامی کے مطابق 9:50 تک دیکھا جا سکتا ہے اور اس نے ہلکے رنگ کی جیکٹ اور سر پر کالے رنگ کی ٹوپی پہن رکھی ہے۔ حکام کے مطابق یہ شخص برسلز کے مرکزی علاقے میں یورپی یونین دفاتر کے قریب دیکھا گیا اور یہاں سے بم حملے میں نشانہ بنایا جانے والا میٹرو سٹیشن مائل بیک زیادہ دور نہیں تھا۔