کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حکومتی کمیٹی اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مثبت پیشرفت قراردیاہے۔ وزیراعلیٰ کو حکومتی کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر داخلہ میرمیرسرفراز بگٹی نے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء رحمت صالح بلوچ ، عبدالرحیم زیارتوال اور دیگر اراکین پر مشتمل کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر سطح پر بات چیت کے ذریعہ افہام وتفہیم کے ساتھ مسائل کے حل پر پختہ یقین رکھتی ہے ڈاکٹر معاشرے کا اہم حصہ اور ہمارے بچوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر مسائل کو باہمی گفت وشنید اور صبروحوصلہ اور برداشت کے ساتھ حل کے رحجان کو فروغ ملے گا تو بہت سے مسائل بہتر طریقہ سے حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کے مسائل بھی خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرے گی تاکہ وہ اطمینان اور دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے رہیں اور مسیحا کے طور پر صوبے کے غریب عوام کا علاج ومعالجہ جاری رکھیں۔ ڈاکٹروں کے احتجاج کے خاتمے کا براہ راست فائدہ غریب اور نادار افراد کو پہنچے گاجن کا انحصار سرکاری اسپتالوں پر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سستے اور معیاری علاج کی سہولت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری بھی ہے اور اولین ترجیح بھی ہے تاہم اس ضمن میں ڈاکٹروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور انہیں امید ہے کہ ڈاکٹر اپنا یہ کردار محنت، لگن اور خلوص نیت سے ادا کریں گے۔