لندن: برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ان کے آف شورکمپنیوں میں کوئی شیئر نہیں اور وہ اپنے اثاثوں کی تفصیلات پہلے ہی بتا چکے ہیں۔
پاناما لیکس میں نام آنے کے بعد پارلیمنٹ کی جانب سے وضاحت کے لیے طلب کیے جانے پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے اثاثوں اور ٹیکس کی تفصیلات شائع کردی ہیں، 2010 کے بعد سے ان کے آف شور کمپنیوں میں کوئی شیئر نہیں جب کہ والد سے متعلق کرپشن کے الزامات بھی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی گروپس نے سمندر پارسرمایہ کاری کر رکھی ہے اس لیے ٹیکس کےنظام کی خامیاں دورکرنے کے لیے 25 مزیدتبدیلیاں لا رہے ہیں جب کہ ٹیکس چوری میں مدد دینے والوں کے خلاف قانونی اصلاحات بھی لائی جائیں گی۔
دوسری جانب پارلیمنٹ میں بحث کے دوران اپوزیشن نے ڈیوڈ کیمرون کو آڑے ہاتھوں لیا اور لیبر پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر جیری کوربن نے کہا کہ وزیر اعظم نے آف شور اثاثوں کی تفصیلات چھپائیں، ان کی تقریر ٹیکس چوری اور پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کی کوشش تھی جب کہ امیروں ور غریبوں کے لیے اس حکومت کی پالیسیاں الگ الگ ہیں جو کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہے۔
واضح رہے کہ پاناما لیکس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون آف شور کمپنی کے مالک ہیں بلکہ ان کے اپنے والد کی آف شور کمپنی میں شیئر بھی ہیں۔ اپوزیشن لیبرپارٹی نے ان انکشافات کے بعد وزیر اعظم کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے جب کہ شدید عوامی دباؤ کے بعد برطانوی وزیر اعظم اور وزیر خزانہ نے اپنے ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔
آف شور کمپنیوں میں کوئی شیئر نہیں، برطانوی وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں وضاحت
وقتِ اشاعت : April 11 – 2016