میڈرڈ: مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے عالمی شہرت یافتہ اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی ہیٹ ٹرک کی بدولت وولفز برگ کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میڈرڈ میں کھیلے گئے چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے سیکنڈ لیگ کیلئے جب ریال میڈرڈ کی ٹیم میدان میں اتری تو اسے 2-0 کے خسارے کا سامنا تھا کیونکہ پہلے لیگ میں اسے جرمن ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر 2-0 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔
یہی وجہ تھی کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید ریال میڈرڈ کی ٹیم اس مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ہی باہر ہو جائے لیکن رونالڈو نے وولفز برگ کے ارمان خاک میں ملا دیے۔
اپنے ہوم گراؤنڈ پر میڈرڈ نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور وولفز برگ کے خلاف برتری کے حصول کی کوشش کی اور ان کی یہ کوشش اس وقت رنگ لے آئی جب 16ویں منٹ میں رونالڈو نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
ابھی جرمن لیگ کی ٹیم اس صدمے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی منٹ میں رونالڈو شاندار ہیڈر کی بدولت اپنی ٹیم کی برتری دگنی کر دی۔ ہاف کے اختتام تک ریال میڈرڈ کو 2-0 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں وولفز برگ نے برتری کم کر کے میچ میں آنے کی کوشش کی لیکن وہ گیند کو گول میں پہنچانے میں ناکام رہے۔
ادھر رونالڈو نے 77ویں منٹ میں فری ہٹ پر گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کو 3-0 کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اب رونالڈو 93 گول کے ساتھ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ صرف اس سیزن میں وہ چھ مرتبہ گیند کو گول کی راہ دکھا چکے ہیں۔
مجموعی گول اوسط 3-2 رہی اور اس طرح ریال میڈرڈ نے لگاتار چھٹی مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
ادھر مانچسٹر سٹی نے ڈی-برون کے گول کی بدولت پیرس سینٹ جرمین کو 1-0 سے شکست دے کر مجموعی گول اوسط میں 3-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
چیمپیئنز لیگ میں آج ہونے والے کوارٹر فائنل کے سیکنڈ لیگ میں جرمن چیمپیئن بایرن میونخ کا مقابلہ بینفیکا جبکہ بارسلونا کا مقابلہ ایٹیلیٹکو میڈرڈ سے ہو گا۔