|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2016

کوئٹہ: تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزرسرداریار محمد رند نے کہا ہے کہ عوام میں سیاسی شعور اور اپنے حقوق سے متعلق بتدریج آگاہی ہے اور اب لسانی یا قومیت کے نام پر عوام کی ہمدردیاں بٹور کر سیاست کو مالی مفادکیلئے استعمال کرنے کا دور گزر چکا ہے آج کے دورمیں ہر کوئی اپنے گھر کا سربراہ اور رہبر ہے اور اپنے ووٹوں سے متعلق صحیح فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بالا ناڑی سے تعلق رکھنے والے لہڑی قبیلے کے معتبرین میر عبدالرحمان لہڑی،میر محمد اسماعیل لہڑی،ٹکری جان محمد لہڑی،ٹھیکیدا ر محمد وفا لہڑی ،حاجی اکبر لہڑی،جاموٹ برداری سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین وڈیرہ محمد عثمان ابڑو،میر مشتاق احمد ابڑو،میرانیس احمدابڑو،ارباب حفیظ ایری کی اپنی برادری کے سینکڑوں افراد کے ہمراہ حمایت کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار یار محمدرند نے حمایت کرنے والے معتبرین اور قبائل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں عوام کی بہبود کیلئے اجتماعی منصوبوں پر عملدرآمد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ذاتی مفادات اور پیسے کے ذریعے انفرادی ووٹ کا حصول جن کا شیوہ رہا ہے انہیں اب عوام میں کوئی پذیرائی نہیں رہی اور بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کے کردار سے لوگ بخوبی آگاہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 267 میں مختلف حوالوں سے مالی مفادات کے عیوض ووٹوں کی خریدو فروخت اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پی ٹی آئی نے اپنے تحفظات سے الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر آگاہ کردیا ہے تاہم الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے جس سے ہمارے وہ خدشات درست ثابت ہورہے ہیں جس میں نے ہم نے الیکشن کمیشن پر جانبداری کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 28اپریل کو حق و سچ کی فتح ہوگی اور عوام کی بھر پور حمایت سے کامیابی حاصل کرکے عوامی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔