ڈیرہ مراد جمالی: کمشنر نصیرآباد ڈویژن احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیحات میں ملک سے پولیو کا خاتمہ ہونا چاہیئے اور پولیو کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو مل کر اجتماعی طور پر محکمہ صحت اورپولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے اور مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل سینٹرل پاکستان بلوچستان بلاک کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروں، ڈی ایچ اوز، ڈبلیوایچ او کے نمائندوں ومتعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی کوآرڈینیٹر وایمرجسنی آپریشن سینٹر فار پولیو بلوچستان سیف الرحمن نے گذشتہ پولیو مہم ودیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل پاکستان جو پانچ اضلاع صوبہ سندھ ، چار اضلاع صوبہ پنجاب اور چار اضلاع صوبہ بلوچستان پر مشتمل ہے اور اس میں نصیرآباد ڈویژن کے چاروں اضلاع شامل ہیں۔ پولیو کے حوالے سے نصیرآباد ڈویژن سرفہرست ہے مگر 2015ء میں صوبہ سندھ کے مختلف اجلاس میں پولیو کے کچھ کیسز سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے ہمیں بہت احتیاط اور سخت محنت کی ضرورت ہے۔ مہم شروع ہونے سے پہلے ان تمام کمزوریوں اور مسائل کا جائزہ لیاجائے جو گذشتہ مہم کے دوران پیش آئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نصیرآباد نے ڈپٹی کمشنروں، ڈی ایچ او ودیگر متعلقہ آفیسران پر زور دیا اور کہا کہ نصیرآباد ڈویژن پولیو کے حوالے سے ایک حساس علاقہ ہے پولیو مہم بہتر انداز میں چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے ایسی حکمت عملی تیار کرکے اس پر عمل پیرا ہوکر پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے تاکہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے کوئی بچہ رہ نہ جائے۔ اس کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔