|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2016

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے چناؤ کے حوالے سے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے صوبے میں میئر اور ڈپٹی میئر کا چناؤ خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں یہ بھی کہنا تھا کہ قانون ساز اسمبلی کو قوانین میں ترمیم کا اختیار حاصل ہے لیکن صوبائی حکومت نے موجودہ ترمیم انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد کی گئی اس لئے اسے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 22 فیصد سے بڑھا کر 33 فیصد کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت کو مخصوص نشستوں کے حوالے سے 2 ہفتوں میں قانون سازی کا حکم دیا ہے، اگر سندھ حکومت اس دوران قانون سازی نہیں کرتی تو مخصوص نشستوں کو پرانے قانون کے مطابق ہی پورا کیا جائے گا۔