کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی ملک کو متحد ومستحکم کیا جاسکتاہے آمریت کے تسلسل نے جمہوریت کو پروان چڑھانے سے روک کر مسخ کر دیا جمہوری اداروں کو پنپنے میں الیکشن کمیشن کا بنیادی کردار ہوتا ہے اس لئے حلقہ پی بی 50 کیچ 3 میں صاف وشفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کے فرائض میں سے ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداران اور کارکنوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ، صوبائی ریسرچ سیکرٹری علی احمد لانگو، صوبائی فنانس سیکرٹری حاجی موسیٰ جان خلجی، ریجنل سیکرٹری پشتون ریجن صدیق پانیزئی، سعید سمالانی، ظفر درانی، واشک کے صدر شیر جان بادینی، چراغ بلوچ، چاکر رند ایڈووکیٹ، حاجی خیر جان لانگو سمیت دیگر موجود تھے میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کی نیشنل پارٹی قومی اور جمہوری جماعت ہے جو شروع دن سے ہی زندگی کے تمام تنظیموں میں عوام کی بالادستی قائم کر نے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے عوامی قوت اور عوامی رائے کو جمہوریت کا حسن سمجھنا ہی نیشنل پارٹی کی عوامی جماعت ہونے کی دلیل ہے حقیقی سچے اور سنجیدہ عوامی نمائندے ہی بہترانداز میں عوام اور صوبے کی نمائندگی کر سکتے ہیں دوسری طرف دھاندلی کے پیدوار نام نہاد نمائندے عوام کے مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غیر قانونی طور پر اپنی معیار زندگی بلند کر نے کی تک ودو میں رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو جمہوریت ، آئین وقانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی ، غیر جانبدارانہ احتساب،غیر جانبدارانہ الیکشن کے ذریعے متحد ومنظم کیا جا سکتا ہے بد قسمتی سے ملکی تاریخ میں آمریت کے سبب ملک سیاسی، معاشی، عدم استحکام کا شکار ہو گیا انہوں نے کہا کہ 19کو حلقہ پی بی50 کیچ تھری میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں اگر تیسری بار نیشنل پارٹی کے امیدوار کی کامیابی کو شکست میں تبدیل کر نے کی کوشش کی گئی تو ملک بھر شدید احتجاج کا اعلان کیا جائیگا ہم توقع رکھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض اور ذمہ داری کو پورا کر تے ہوئے صاف وشفاف الیکشن کو یقینی بنائیگی اور متعلقہ ادارے بھی عوام کے رائے کا احترام کر تے ہوئے جمہوریت کو پروان چڑھانے میں حصہ لیں گے۔