ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار شیمس نے معروف برطانوی فٹبالر وین رونی کو ریسلنگ مقابلے کا چیلنج کردیا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے اسٹار اگلے ہفتے سے ریسل مینیا ریوینج کے نام سے برطانیہ کا دورہ کررہے ہیں اور اس سے قبل آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے شیمس نے مانچسٹر یونائیٹڈ اور انگلش فٹبال ٹیم کے اسٹار فٹبالر کو چیلنج کیا۔
وین رونی ریسلنگ کی دنیا کے لیے کوئی اجنبی نہیں اور گزشتہ سال نومبر میں ایک اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار ویڈ بیرٹ کے ساتھ الجھ چکے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک شو کا انعقاد مانچسٹر میں ہوا جسے دیکھنے کے لیے وین رونی اپنے بیٹے اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ گئے۔
ویڈ بیرٹ نے رونی کو تماشائیوں کی پہلی قطار میں دیکھ کر مائیک ہاتھ میں لیا اور کہا کہ اس رنگ میں دو آدمی ایسے ہیں جنہیں باآسانی چمپیئن شپ کا مواد کہا جا سکتا ہے اور جو یقینا رونی اور مانچسٹر یونائیٹڈ سے بڑھ کر ہیں۔
وید بیرٹ نے وین رونی کے بڑے بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سوچ کر بہت نفرت محسوس ہوتی ہے کہ آپ کا چھوٹا بیٹا وہاں بیٹھا ہو اور اپنے باپ کو ناکام ہوتا دیکھے اس کا سامنے کریں کیونکہ جب بھی آپ نے فٹ بال کے میدان میں قدم رکھا ایسا ہی ہواہے “۔
یہ سنتے ہی رونی اپنی کرسی سے اٹھے اور ریسلر کو مقابلے کے لیے چیلنج کیا۔
تھوڑی دیر بعد رونی نے ہزاروں تماشائیوں کے سامنے ریسلر کو زوردار تھپڑ رسید کیا جس نے ویڈ کو ہلا کر رکھ دیا۔
اس واقعے کے بعد شیمس کو بیرٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ واقعہ وہ اب تک نہیں بھولے اور اب ایک ٹی وی شو کے دوران انہوں نے 30 سالہ فٹبالر کو ریسلنگ مقابلے کا چیلنج کیا۔
شیمس کا کہنا تھا ‘ رونی مانچسٹر یونائیٹڈ اور فٹبال کے میدان کے لیے اچھے ہوسکتے ہیں مگر انہیں کبھی ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں اترنے کا موقع نہیں ملا، بیرٹ کچھ نرم تھا اور اگر فٹبالر کسی سخت جان شخص کا سامنا اور حقیقی فائٹ چاہتے ہیں تو میرا سامنا کریں، میں مانچسٹر کے رنگ میں وین رونی کا انتظار کروں گا’۔