کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گلشن اقبال میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر اور ان کا بیٹا زخمی ہوگیا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈاکٹر فہد احمد کے مطابق میجر (ر) جمیل کیانی اور ان کے بیٹے جبران کیانی کو گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ایس پی نے مزید بتایا کہ جمیل کیانی کا کنسٹرکشن کا کاروبار ہے اور ان کا گلستان جوہر میں ایک بلڈر کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔
انھوں نے شبہ ظاہر کیا کہ حملے کی وجہ زمین کا تنازع ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں بھی فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔
ستمبر 2013 میں کراچی میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہاں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔