|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2016

کراچی ، خیبر پختونخوا: کراچی اور خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کی ویکسین پلائی جائے گی، رضا کاروں کی حفاظت کے لیے مسلح اہلکار بھی ہمراہ ہیں۔ جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خولہ میں مقامی قبائل نے انسداد پولیو مہم پر پابندی لگادی۔ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا چوبیس لاکھ ساٹھ ہزاربچوں کوپولیوسے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،پولیوورکرزکی سیکیورٹی کیلئے چھ ہزارپولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں پولیس کے ہمراہ رینجرزاہلکاربھی ہوں گے۔ کمشنرکراچی آصف حیدرشاہ کا کہنا تھا کہ مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو گرفتارکیا جائے گا۔ پشاورسمیت خیبر پختونخوا ہ کے سترہ اضلاع میں اڑتیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچای کے قطرے پلانے کا ہدف ہے مہم پشاور،بنوں، ٹانک،چارسدہ، ڈیرہ اسمعیل خان،ہنگو،کرک،کوہاٹ،مردان ،نوشہرہ،سوات،بونیر،چترال ،دیرلوئر،ہری پور،مالاکنڈ اورمانسہرہ میں شروع کی جارہی ہے۔ فاٹا اورایف آرز میں بھی پولیو مہم چلائی جائے گی تاہم جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خولہ میں مقامی قبائل نے انسداد پولیو مہم پر پابندی لگادی۔ پولیو مہم پر پابندی کا فیصلہ سلمان خیل اور دوتانی قبائل کے جرگے نے ایف ڈی اے اہلکاروں کے اغوا کے بعد قبائلیوں کی گرفتاریوں ، مراعات پر پابندی اور آمدورفت کے راستوں کی بندش پر کیا گیا۔