کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنونیر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ مصطفی کمال کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد مجبور ہیں ، یہ لوگ معافی مانگ کر واپس آسکتے ہیں ۔ خورشید بیگم سیکرٹریٹ کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے لندن سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم نصرت نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے را سے تعلقات کے الزامات کو مسترد کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو مصطفی کمال کی پارٹی میں شامل ہونے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے اور شمولیت اختیار نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل ہونے والوں کو اگر اپنے کئے پر ندامت ہوگی تو پارٹی انہیں معاف کر سکتی ہے ۔ ٹارگٹ کلنگ کی ٹیمیں بنانے کے الزام پر ندیم نصرت کہتے ہیں کہ اس دور میں وہ بیمار تھے اور الزام لگانے والے ہی متحدہ کو چلا رہے تھے ۔ ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ اشفاق منگی کا جے آئی ٹی میں نام تھا اور وہ چھپتے پھر رہے تھے تاہم ڈرائے کلنگ مشین میں جا کر ان کے سارے گناہ معاف ہوگئے ہیں ، انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کی بھی اپیل کی ۔