|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2016

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے شوال آپریشن کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دہشتگردوں کے علاوہ انکے سہولت کاروں اور سلیپرز سیلز کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جائے ، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہمارے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کو شوال کا دورہ کیا اور وہاں دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن کے آخری مرحلے پر پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے دہشتگردوں کو پاک افغان سرحد کے قریب انکی آخری پناہ گاہوں سے نکالنے میں مصروف فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا ۔ آرمی چیف کو فارمیشن کمانڈر کی جانب سے اب تک حاصل ہونیوالی آپریشنل کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ پاک فوج کے سربراہ کو بتایا گیا کہ فروری 2016 ء میں آپریشن کے آخری مرحلے کے آغاز سے اب تک 800 مربع کلو میٹر سے زیادہ کا علاقہ محفوظ بنا لیا گیا ہے جبکہ دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ شوال آپریشن کی کامیابی کو سراہتے ہوتے آرمی چیف نے اپنے اہداف کے حصول کیلئے فوجیوں کی غیر معمولی کامیابیوں، حوصلے ، عزم اور قربانیوں کو سراہا ۔ انہوں نے زور دیا کہ آپریشن کے دوران حاصل کی جانیوالی کامیابیوں کو مستحکم بنایا جائے اور اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لا کر عارضی بے گھر افراد کو واپس انکے علاقوں میں آباد کیا جائے ۔ دہشتگردوں اور فاٹا سے باہر موجود انکے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے ہدایت کی فوری طور پر وسیع پیمانے پر آپریشن کر کے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے اور فاٹا سے باہر کے علاقوں میں موجود انکے سلیپرز سیلز اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ افسروں اور جوانوں سے وادی شمال میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم ہمارے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دی جانیوالی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔