کو ئٹہ: صوبائی مشیر محمد خان لہڑی اور اراکین صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو، طاہر محمود خان نے حلقہ پی بی 50 کیچ ۔II کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر اکبر آسکانی کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے امیدوار کی کامیابی علاقے کے عوام کی جانب سے وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر صوبائی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے اور اس بات کا مظہر بھی ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی جڑیں عوام میں ہیں اور وہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے پرامن ماحول اور غیر جانبدارانہ ماحول میں انعقاد کا تمام تر سہرا وزیراعلیٰ بلوچستان اور الیکشن کمیشن کے سر ہے، انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی وجہ سے نہ تو پہلے سے تعینات کمشنر ،نہ ڈپٹی کمشنر اور نہ ہی انتظامیہ کو تبدیل کیا گیا، اس کے باوجود انتخابی عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار اور انتخابی نتائج کے تبدیل کئے جانے کا واویلہ ناقابل فہم اور صوبے میں جمہوریت اور سیاسی عمل کے لیے نقصان دے ہے، کیونکہ میر اکبر آسکانی ایک مضبوط امیدوار تھے جنہوں نے اس سے قبل بھی اسی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ صوبہ بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور اکثریتی جماعت کے طور پر حکومت بنائے گی۔