|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2016

کوئٹہ: پی ٹی آئی بلوچستان کے آرگنائزر و حلقہ این اے 267سے پارٹی کے نامزد امیدوار سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ قانون سازی اور ترقیاتی امور کو علیحدہ کرکے سیاست سے کاروباری سوچ کو ختم کیا جاسکتا ہے کرپشن ،بدعنوانی اور اسٹیٹس کو کی بیماریوں کو ختم کرکے ہر فرد کو یکساں حقوق ،سہولیات اور ضروریات کی فراہمی سے ہی نا انصافی کا ازالہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوٹھ ٹکری ہوران ، گوٹھ صدام ، گوٹھ ٹکری حیات لاشاری ،گھیلہ ، رئیس میرل ،شاہنواز لاشاری ،سید سرور شاہ لاشاری ،نوشہرہ پندرانی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرداریار محمد رند نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ہر پاکستانی غیر ملکی قرضے تلے دب چکا ہے کرپشن ثابت ہونے پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے رفقاء شیروشکر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 267پر پیسے کے بے دریغ استعمال اور پری رگنگ پر الیکشن کمیشن کی پراسرار خاموشی بہت سے سوالات کو جنم دے رہی ہے تاہم عوامی طاقت سے دھاندلی کو روکیں گے۔